10 نومبر، 2025، 9:07 PM

مغرب کے پاس ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، ایرانی وزیر خارجہ

مغرب کے پاس ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام عوامی زندگی کے مختلف شعبوں میں ترقی کا ضامن ہے، مغرب بلاجواز اعتراضات اٹھا رہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کے پاس ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

عراقچی نے ایرانی ایٹمی توانائی ادارے کی جانب سے منعقدہ ایٹمی صنعت کی تازہ ترین کامیابیوں کی نمائش کا دورہ کیا اور ادارے کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران کی ایٹمی صنعت اب ایک بڑی اور تیزی سے ترقی کرتی ہوئی صنعت بن چکی ہے جو صرف یورینیم افزودگی تک محدود نہیں بلکہ طب، صحت، ماحولیات، زراعت اور صنعت جیسے مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ایٹمی ٹیکنالوجی نے ملک کے سائنسی شعبوں میں نمایاں پیش رفت کو ممکن بنایا ہے اور یہ ٹیکنالوجی عوامی زندگی کے مختلف پہلوؤں میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ خارجہ اور ایرانی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان قریبی رابطہ ہے۔ وزارت خارجہ ہمیشہ ایرانی عوام کے حقوق کے تحفظ اور دفاع میں ادارے کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

عراقچی نے مغربی ممالک کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے۔ اگر ایران کا مقصد ایٹمی ہتھیار حاصل کرنا ہوتا تو پچھلے بیس برسوں میں ایسا کرچکا ہوتا لیکن ایران نے ہمیشہ شفافیت، تعاون اور اعتماد سازی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتیں ایران کو ایٹمی صنعت سے محروم رکھنا چاہتی ہیں تاکہ وہ اپنی اجارہ داری قائم رکھ سکیں، تاہم اب انہیں تسلیم کرنا ہوگا کہ ایران کی ایٹمی ٹیکنالوجی ناقابل انکار حقیقت بن چکی ہے۔

News ID 1936409

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha